ساقیا! ایسی پلا بادہ سر جوش مجھے
بیخودی جس سے بڑھے، کچھ نہ رہے ہوش مجھے
جس طرف جاؤں سبھی لوگ کہیں دیوانہ
تیری آنکھوں نے بنایا ہے یوں مدہوش مجھے
بھول سکتا ہی نہیں دل کو سراپا ان کا
آج تک یاد ہیں وہ چشم و لب و گوش مجھے
تیری الفت نے خوشی کوئی نہ چھوڑی گھر میں
کر دیا عشق نے دنیا میں الم کوش مجھے