ہمارا رشتہ
Poet: M Usman Jamaie By: M Usman Jamaie, karachiدل ہی کا نہیں بندھن
درد کا بھی رشتہ ہے
وقت کی مسافت میں
ہوش وآگہی کے اُس اولیں پڑاؤ پر
تنہا رہ گئی تھی تو
تنہا رہ گیا تھا میں
خود کو ڈھونڈتی تھی تو
خود کو ڈھونڈتا تھا میں
سارے عام سے رشتے
صرف نام تھے رشتے
تیرے اور مرے ناتے
تیرے اور مرے رشتے
یہ ہمارا رشتہ ان ناتمام رشتوں کی
تار تار رشتوں کی
آگہی کا رشتہ ہے
چھت تھی اور دیواریں
گھر کہاں ملا ہم کو
اجنبی دیاروں میں روز وشب بِتانے کا
بس تھا آسرا ہم کو
جھیلا ہم نے اپنوں میں دردِناشناسائی
ایک اجنبی سے یہ اجنبی کا رشتہ ہے
درد وکرب کا رشتہ ٹوٹ کیسے سکتا ہے
انگلیوں پہ ہیں میری
تیری آنکھ کے آنسو
اشک میری آنکھوں کے ہیں تری ہتھیلی پر
ہاتھ کیسے چھوٹے گا
چھوٹ کیسے سکتا ہے
More Love / Romantic Poetry






