میں سارے داغ دھونا چاہتا ہوں
تیری آنکھوں میں کھونا چاہتا ہوں
تمہاری یاد کے انمول موتی
میں سانسوں میں پرونا چاہتا ہوں
سلگتا سر تیرے پہلو میں رکھ کر
ابھی کچھ دیر سونا چاہتا ہوں
وضو کر نے کو دوڑے سارا گلشن
کچھ اس وحشت میں رونا چاہتا ہوں
تہی دامن لگے عالم کا عالم
یہ میں کیسا کھلونا چاہتا ہوں