گلگت بلتستان کے عوام کی خواہشات کے مطابق اصلاحات لائی جارہی ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد: (24 ستمبر 2020) ترجمان دفتر خارجہ زاہد خفیط چوہدری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں اصلاحات ایک انتظامی معاملہ ہے۔ بھارت کے پانچ اگست کے اقدامات کی بنیاد پر نہیں، گلگت بلتستان کے عوام کی خواہشات کے مطابق اصلاحات لائی جارہی ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ کورونا کی وجہ سے پہلی مرتبہ اقوام متحدہ کا اجلاس ورچوئل ہو رہا ہے۔ وزیراعظم اور وزیر خارجہ ورچوئلی اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔ وزیراعظم کل 25 کو جنرل اسمبلی اجلاس میں خطاب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ابھی بھی غیر قانونی محاصرہ جاری ہے۔ پاکستان نے 18 جولائی کو تین کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔ دو ماہ گزر جانے کے بعد بھارتی فوج نے اپنے بیان میں تین کشمیری نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل کا اعتراف کیا ہے۔ پاکستان سمجھتا ہے کہ بھارتی فوج کا بیان مظالم اور جرائم کا اعتراف ہے۔ بھارتی فوج کے سنگین جنگی جرائم کا جوڈیشل انکوائری کے تحت تحقیقات ہونی چاہیے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کالے قوانین کا خاتمہ کرے۔ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں آبادیاتی تناسب میں تبدیلی کی کوششوں کو یکسر مسترد کرتا ہے۔ بھارت کا کوئی غیر قانونی قدم قابل قبول نہیں۔ جون سے لے کر اب تک بھارت نے ہزاروں جعلی ڈومیسائل جاری کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے ترک صدر کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ پاکستان کی طرف سے بار بار کہنے کے باوجود بھارت نے اب تک جودھ پور میں گیارہ پاکستانی ہندوؤں کے قتل کی تحقیقات سے آگاہ نہیں کیا۔ بھارت جانے والے ہندوؤں کی سیکیورٹی کے حوالے سے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

زاہد حفیظ چوہدری نےک ہا کہ کرتارپور راہداری صرف اور صرف سکھوں کے مذہبی جذبات کے پیشِ نظر کھولا گیا۔ اب دوبارہ ایس او پیز کے تحت کرتارپور کھول دیا گیا ہے۔ بھارت میں دیگر تفریحی مقامات کھولے جا رہے ہیں مگر کرتارپور بند ہے۔ بھارت کی جانب سے ایل او سی پر کلسٹر اسلحہ اور پیلٹ گنز کا استعمال غیر قانونی اور بین الاقوامی کنوینشنز کے منافی ہے۔ اس قسم کے اسلحہ کا استعمال ممنوعہ اور انسانی حقوق کے خلاف ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے جے سی پی او اے پر امریکی و دیگر بیانات دیکھے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ جے سی پی او اے سفارتی طریقہ سے مسائل کے حل کی مثبت کوشش ہے۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان دشوار گزار بارڈر ہے، اسی لیے بارڈر پر باڑ لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔ حکومت پاکستان جلد باڑ لگانے کا عمل مکمل کرنا چاہتی ہے۔ افغانستان کو بارہا باور کرایا گیا کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں القاعدہ کا کوئی وجود نہیں ہے۔ القاعدہ کے حوالے سے بھارتی ذرائع ابلاغ کے پاکستان پر بے بنیاد الزامات پراپیگنڈا ہیں۔ پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے ادارے سائبر کرائمز کے حوالے سے بھرپور کارروائیاں کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کا معاملہ عدالت میں ہے۔ پاکستان نے کلبھوشن یادیو کے حوالے سے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عملدرآمد کیا ہے۔ کیس کے از سر جائزے تک پھانسی پر حکم امتناعی رہے گا۔ عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کے تحت کیس کا ازسرنو جائزہ لیا جارہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کا معاملہ زیر غور نہیں ہے۔ ہم دو ریاستی حل کے حامی ہیں۔ فلسطین کی آزاد ریاست چاہتے ہیں جس کا القدس الشریف دارالحکومت ہو۔


 

WATCH LIVE NEWS

Samaa News TV PTV News Live Express News Live 92 NEWS HD LIVE Pakistan TV Channels

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

297