برلن کی میئر اور خود کو کییف کا میئر ظاہر کرنے والے نامعلوم شخص کے مابین جاری ویڈیو کال اس وقت منقطع کر دی گئی جب حکام کو شبہ ہوا کہ وہ کییف کے میئر ویتالی کلچکو نہیں بلکہ ڈیپ فیک ہے۔
برلن کی ریاستی حکومت کے ٹوئٹر ہینڈل سے کی گئی ٹویٹ میں بتایا گیا، ''ایسا کوئی حوالہ نہیں تھا جس سے معلوم ہوتا کہ ویڈیو کانفرنس حقیقی انسان کے ساتھ نہیں کی جا رہی۔ بظاہر یہ ڈیپ فیک تھا۔ پولیس تحقیقات کر رہی ہے۔‘‘
میئر گیفے کی ترجمان لیزا فریریچس کے مطابق میئر اور ڈیپ فیک کے ذریعے خود کو کییف کا میئر ظاہر کرنے والے شخص کے مابین پندرہ منٹ گفتگو ہوئی، جس دوران کوئی قابل ذکر بات نہیں کی گئی تھی۔
انہوں نے بتایا، ''خود کو کلچکو ظاہر کرنے والے نے پوچھا کہ ہم یوکرائینی پناہ گزینوں کے ساتھ کیسا سلوک کر رہے ہیں، ہم اس سے کیسے ڈیل کر رہے ہیں، تعداد کتنی ہے وغیرہ وغیرہ۔۔۔ حسب توقع مکمل طور پر عام گفتگو تھی۔‘‘
جعلی میئر کے عجیب سوالات
برلن کی میئر کی ترجمان نے بتایا کہ میئر گیفے کو اس وقت شبہ ہوا جب کییف کے جعلی میئر نے برلن میں یوکرینی باشندوں کے 'سماجی فوائد حاصل کرنے‘ کے بارے میں پوچھا۔
فریریچس کے مطابق پھر اس شخص نے درخواست کی کہ ''آپ حکام کے ذریعے لڑنے کے لیے یوکرین واپس جانے والے نوجوانوں کی مدد کے لیے اقدامات کریں۔‘‘