لگے وہ بھولنے پھر آج لفظوں کی روانی میں
ہمارا بھی تو کوئی ذِکر تھا اُن کی کہانی میں
بلا مطلب نہیں ہوتا کسی پہ مہرباں کوئی
چھپی ہو تی ہے کوئی غرض تو اُس مہربانی میں
ہمارے شہر میں جو آجکل دہشت کا چرچا ہے
ہے کِس کا ہاتھ آخر اِس بلاۓ نا گہانی میں
مٹا دیتا ہے ظالم وقت آخر خال و خد سب کے
ہوا کرتے ہیں سب ہی خوبصورت نوجوانی میں
گرانی ہر طرح کی تھی گوارہ اب تلک لیکن
خلوص و مہر بھی مہنگے ہوۓ دورِ گرانی میں
زباں ہوتی تو شائد اور بھی کیا کیا نہ کہہ جاتے
بہت کچھ کہہ گئے دنیا سےہم اس بے زبانی میں
کھلیں جب پھول تو ہم کوچ کر جائیں گلتاں سے
بھلا رکھا ہی کیا ہے اس دہر کی باغبانی میں
محبت تھی یا پاگل پن نہیں معلوم کچھ عذراؔ
لٹا بیٹھے ہم اپنی جاں تمہاری پاسبانی میں