سنو اے ہم سفر میرے
مجھے تم سے یہ کہنا ہے
مجھے تم سے محبت تھی
مجھے تم سے محبت ہے
مرے دن رات میں تم ہو
مری ہر بات میں تم ہو
خوشی کے جتنے موسم بھی
تمہارے ساتھ دیکھے ہیں
مرے جیون کا حاصل ہیں
تمہارے نام کے جگنو
تمہارے لمس کی خوشبو
تمہارے پیار کا جادو
مری رگ رگ میں شامل ہیں
میں اپنی ذات کے چاہے کسی موسم میں رہتی ہوں
ہر اک موسم تمہارا ہے
تمہارا ساتھ پیاراہے
مرے ہر پل میں رہتے ہو
جو میرا دل ہے پاگل سا
اسی پاگل میں رہتے ہو
سنو! تم سے یہ کہنا ہے
کہ تم میری محبت سے کبھی مت بدگماں ہونا
کہ میری زندگانی کے سبھی رستے
جو سچ پوچھو ،تمہاری سمت آتے ہیں
میں تم سے دور رہ پاؤں یہ اب ممکن نہیں جاناں
سنو! عہد محبت کی مجھے تجدید کرنی ہے
پرانی بات ہے لیکن مجھے پھر بھی یہ کہنی ہے
مجھے تم سے محبت تھی، مجھے تم سے محبت ہے
ہر اک موسم تمہارا ہے
تمہارا ساتھ پیاراہے
سنو اے ہمسفر میرے