Add Poetry

جو آپ کی تھی نظرِ عنائیت بھی نہیں ہے

Poet: Azra Naz By: Azra Naz, Reading UK

جو آپ کی تھی نظرِ عنائیت بھی نہیں ہے
اب دل میں وہ پہلی سی محبت بھی نہیں ہے

کچھ ان کے بھی بدلے سے نظر آتے ہیں تیور
پہلی سی میسر ہمیں فرصت بھی نہیں ہے

اُس شخص کو منصف کے نبھانے ہیں فرائض
وہ شخص جو انصاف کی مورت بھی نہیں ہے

حاصل ہیں انھیں اور بہت چاہنے والے
اب اُن کو مری خاص ضرورت بھی نہیں ہے

اب دور ہوئے جاتے ہیں مذہب سے بہت ہم
پہلا سا وہ اب شوقِ عبادت بھی نہیں ہے

ذہنوں پہ ہیں چھائے ہوئے ابہام کے سائے
اور سامنے کچھ اس کی وضاحت بھی نہیں ہے

ہر آئینہ بے عکس ہوا جاتا ہے اب کے
اور اس میں کہیں کوئی شباہت بھی نہیں ہے

کیا جانے خفا ہم سے وہ کیوں رہتے ہیں اکثر
ہر چند کوئی ان سے عداوت بھی نہیں ہے

گم گشتہ تعلق کا ہی کچھ پاس تو رکھ لیں
اب لوگوں میں اتنی سی مروت بھی نہیں ہے

دن رات ترے عشق میں ہم مٹتے رہے ہیں
اور لب پہ کوئی حرفِ شکائت بھی نہیں ہے

Rate it:
Views: 1177
07 May, 2013
Related Tags on Love / Romantic Poetry
Load More Tags
More Love / Romantic Poetry
Popular Poetries
View More Poetries
Famous Poets
View More Poets