دید محبت، طور محبت
حسن، تجلّی، نور محبت
ہار یہی سنگھار یہی ہے
مانگ کا ہے سندور، محبت
ہم نے تو ہر سو دیکھی ہے
پاس محبت، دور محبت
ناز اسے ہر ایک ادا پر
کتنی ہے مغرور محبت
کس نے رکھا بھرم وفا کا
صرف ہوئی مشہور محبت
بیت چلی ہیں کتنی صدیاں
کب سے ہے مہجور محبت
ورد، وظیفہ، شام، سویرے
دفع محبت، دور محبت
کب ممکن تھا زین بچھڑنا
ہو ہی گئی مجبور محبت