Add Poetry

رات بھر میں تو بس جاگتا رہ گیا

Poet: By: wasim ahmad moghal, lahore

رات بھر میں تو بس جاگتا رہ گیا
آپ کا راستہ دیکھتا رہ گیا

سب نے پوچھا مجھے کیا ہوا ہے تجھے
اور میں خود بھی یہ کھوجتا رہ گیا

کون جانے کہ میں کھو گیا ہوں کہاں
آپ اپنے کو میں ڈھونڈتا رہ گیا

اپنے گھر ہی کی دہلیز پر بیٹھ کر
اپنے گھر کا پتہ پوچھتا رہ گیا

وہ جو ہاتھوں سے گرہیں لگائی گئیں
اُن کو منہ سے کوئی کھولتا رہ گیا

اُس نے پوچھا بھی پر میں نہ کچھ کہہ سکا
میں تو لفظوں کو ہی تولتا رہ گیا

اپنی سوچوں کی کھڑکی کو میں کھول کر
تیرے چہرے کو بس جھانکتا رہ گیا

تیری یادوں کے جھولے میں بیٹھے ہوئے
صبح تک اِس کو میں جھولتا رہ گیا

تیری باتوں میں خوشبو تھی جو پیار کی
جانِ من اُس کو میں سونگھتا رہ گیا

مجھ کو آ کر کسی نے بچایا نہیں
تیری آنکھوں میں میں ڈُوبتا رہ گیا

سب سے اچھی ادا ہے تری کون سی
عمر بھر میں یہی سوچتا رہ گیا

تیری کافر اداؤں سے جانِ وفا
میرا ایمان بھی ڈولتا رہ گیا

اُس نے مجھ سے جب اِن کو ہٹایا نہ تھا
اُس کے ہاتھوں کو میں چومتا رہ گیا

مدتوں جن کو میں تھا سنبھالے ہوئے
اشک قدموں میں میں رولتا رہ گیا

پوجنا تھا تجھےپر خطا یہ ہوئی
میں بتوں کو ترے پوجتا رہ گیا

اُس کو حق ہے کہ وہ مار ڈالے مجھے
ایک میں ہی تھا جو بولتا رہ گیا

ختم ہونے کو ہے زندگی اور میں
شہرِ دل میں کہیں گھومتا رہ گیا

ظلم رک نہ سکا یاں کسی طور بھی
خوں رگوں میں یوں ہی دوڑتا رہ گیا

اُس کے ہونٹوں پہ وہ کون سا لفظ تھا
جو بڑی دیر تک کانپتا رہ گیا

اپنی سیرت سے کر کے بغاوت وسیم
اس کو دیکھا تو بس دیکھتا رہ گیا

Rate it:
Views: 558
20 Aug, 2018
Related Tags on Love / Romantic Poetry
Load More Tags
More Love / Romantic Poetry
Popular Poetries
View More Poetries
Famous Poets
View More Poets