تیرے ہونٹوں پہ کانپتی سرخی
تیری آنکھوں میں بولتا کاجل
تیری سانسوں کی نرم نرم صدا
رات خاموش اور میں تنہا
کس قدر دور ہوں زمانے سے
تیری یادوں کے اس سناٹے میں
میری وحشت کے پاس حسن ترا
رات خاموش اور میں تنہا
وہ جو اک خواب میں نے دیکھا تھا
میری دلہن ہے میرے پاس ہے تو
خواب وہ خواب ہی رہا میرا
رات خاموش اور میں تنہا
تجھ کھو کر بھی دیکھ زندہ ہوں
یہ الگ بات روز مرتا ہوں
جانے کس جرم کی ملی ہے سزا
رات خاموش اور میں تنہا
میں کسی اور سمت دیکھ تو لوں
حسن والوں کے در پہ چل تو پڑوں
کوئی چہرہ مگر نہیں جچتا
رات خاموش اور میں تنہا