کبھی دل کو چرانے کی شرارت کر بھی سکتا ہے
وہ چھپ چھپ کے جو تکتا ہے محبت کر بھی سکتا ہے
جو اب کے مان کر غیروں کی مجھ کو چھوڑ دیتا ہے
وہ کل سارے زمانے کی وکالت کر بھی سکتا ہے
مجھے ڈر ہے کسی ظالم کو ہی وہ دل نہ دے بیٹھے
وہ احمق ہے کبھی ایسی حماقت کر بھی سکتا ہے
جسے مفلس سمجھ کر آج ٹھکرایا زمانے نے
اکٹھی بے بہا اک دن وہ دولت کر بھی سکتا ہے
یہ کیسے اک فقیر انسان پر اس نے ستم ڈھاۓ
کبھی اس کا ضمیر اس کو ملامت کر بھی سکتا ہے
پسند اس کو نہ ہو شاید سبھی کے سامنے جھکنا
جو تنہائ میں رہتا ہے عبادت کر بھی سکتا ہے
یہ دل پاگل جو ہے باقرؔ بھروسہ اس پہ کیا کرنا
کبھی تجھ کو بھلانے کی جسارت کر بھی سکتا ہے