کلیوں میں بہاروں میں
پھولوں میں نظاروں میں
گلشن میں وادیوں میں
چندا میں ستاروں میں
مخمور فضاؤں میں
مے میز گھٹاؤں میں
رنگین درختوں کی
پر کیف قطاروں میں
خوشبو میں کونپلوں میں
رنگوں میں تتلیوں میں
کرنوں میں چاندنی میں
سورج کی روشنی میں
کھیتوں میں پہاڑوں میں
جلوؤں کے شماروں میں
صحراؤں میں دریا میں
فطرت کی ہر ادا میں
مسکان میں آہوں میں
رنگین پناہوں میں
آغوش میں وسعت میں
ان ریشمی بانہوں میں
انجاں مسافتوں میں
آراستہ راہوں میں
عریاں حقیقتوں میں
پنہاں محبتوں میں
تقدیر میں معنی میں
بے انت کہانی میں
بہتی ہوئی ندی میں
بپھرے ہوئے پانی میں
عمروں کی روانی میں
پر جوش جوانی میں
ساغر میں پیالے میں
مدہوش اجالے میں
مسحور گلابوں میں
چنبیلی میں لالے میں
مانوس خیالوں میں
ان دیکھی چاہتوں میں
آوارہ خلوتوں میں
گیتوں میں راحتوں میں
سوچوں کے دائروں میں
خوابوں میں خیالوں میں
اشعار میں لفظوں میں
نکتوں میں کنایوں میں
کچھ بھی نہ رہے باقی
گر روٹھ جائے ساقی