یہ دل شاعر سا ہو جاتا اگر تو مل گیا ہوتا

Poet: muhammad nawaz By: muhammad nawaz, sangla hill

سفر آسان ہو جاتا اگر تو مل گیا ہوتا
میں تیرے ساتھ کھو جاتا اگر تو مل گیا ہوتا

بہت سی رنجشیں ایسی ہیں کہ جن پر ندامت ہے
میں سارے داغ دھو جاتا اگر تو مل گیا ہوتا

بھلا کر زندگانی کی سبھی سوچیں سبھی فکریں
تیرے پہلو میں سو جاتا اگر تو مل گیا ہوتا

تیرے فردا کے لمحوں سے مہک کیسے نہ پھر اٹھتی
میں ایسے خواب بو جاتا اگر تو مل گیا ہوتا

تیرے دامن میں آ کر زندگی سیراب ہو جاتی
اسے میں یوں بھگو جاتا اگر تو مل گیا ہوتا

تیرے ہر ایک لمحے میں میں اپنے پیار کے صدقے
کئی صدیاں سمو جاتا اگر تو مل گیا ہوتا

تیری یادوں میں خوشبو چاند تارے تتلیاں جگنو
نہ میں کیا کیا پرو جاتا اگر تو مل گیا ہوتا

ابھی تک دھڑکنیں جسکی فقط نثری سی لگتی ہیں
یہ دل شاعر سا ہو جاتا اگر تو مل گیا ہوتا

Rate it:
Views: 1143
18 Sep, 2013