سندھ کے 14 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں پولنگ کا وقت ختم ہوگیا ہے لیکن الیکشن کمیشن نے مختلف پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کا دورانیہ بڑھا دیا ہے۔ ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔
ہم نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جن پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کا عمل کسی بھی وجہ سے رکا تھا وہاں پولنگ کا دورانیہ بڑھایا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان نے اس حوالے سے واضح کیا ہے کہ پولنگ کا دورانیہ اتنا ہی بڑھایا جائے گا جتنی دیر تک پولنگ کا عمل رکا تھا۔
واضح رہے کہ پی پی رہنما تاج حیدر نے چیف الیکشن کمشنر سے پولنگ کا وقت دو گھنٹے تک بڑھانے کی درخواست کی تھی۔ انہوں ںے کہا تھا کہ ووٹرز کو شام سات بجے تک ووٹ ڈالنے کی اجازت دی جائے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ترجمان کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مرکزی اور الیکشن کمشنر سندھ کے دفتر کراچی میں صوبائی مانیٹرنگ سیل قائم کر دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے سندھ کے پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کے دوران بیلٹ پیپرز پر امیدواروں کے غلط نام یا نشان پرنٹ ہونے والے وارڈز میں پولنگ ملتوی کر دی۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق سندھ کے پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات میں چند وارڈز کے بیلٹ پیپرز پر امیدواروں کے نام یا نشان غلط پرنٹ ہوئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق ان تمام وارڈز پر پولنگ ملتوی کردی گئی ہے، ان نشستوں پر دوبارہ الیکشن کے لیے الیکشن کمیشن نیا شیڈول جاری کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے بیلٹ پیپرز پر غلط نام یا نشان شائع ہونے کی انکوائری کا بھی حکم دیا ہے۔
بلدیاتی انتخابات پر تحفظات،چیف الیکشن کمشنر کی ایم کیو ایم وفد کو ملاقات کی دعوت
ہم نیوز کے مطابق جوائنٹ الیکشن کمشنر سندھ علی اصغر سیال نے اس حوالے سے جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ جہاں بیلٹ پیپرز پر امیدوار کا نام یا نشان غلط پرنٹ ہوا ہے وہاں الیکشن ملتوی کیے گئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ انتخابات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔