آج تو گویا قیامت نے بہت طول دیا

Poet: Taj Rasul Tahir By: TAJ RASUL TAHIR, Islamabad

 آج ہجراں کی شبِ غم نے بہت طول دیا
آج پھر زیست کے صدمے نے بہت طول دیا

ظلمتِ شب کو بہر طور نکھارا ہم نے
ایک ہی شخص کے فتنے نے بہت طول دیا

ایسا بخشا ہمیں اک روگِ مسلسل اس نے
پھر اسی روگ کے مٹنے نے بہت طول دیا

چشم پر نم ہی سہی چشم تصور تو رہا
گئے لمحوں کے سمٹنے نے بہت طول دیا

ہائے یادیں کہ ہجومِ غمِ ماضی کا ملن
آج تو گویا قیامت نے بہت طول دیا

ہم بھلا دیں جو بھلانے کا ہو یارا طاہر
اب تو اس شوخ کی فرقت نے بہت طول دیا

Rate it:
Views: 439
31 May, 2012