عید کے دن بھی بہت دور ہیں ہم کیسے ملیں
پھول خوشیوں کے جدائی میں بھلا کیسے کھلیں
چوڑیاں ہاتھوں میں پہناؤں یہی حسرت ہے
کتنی مجبور جدائی میں مری الفت ہے
تیرے ہاتھوں پہ حنا کتنی مہکتی ہو گی
پیار کی آگ بھی سینے میں دہکتی ہو گی
پر زمانے کی نگاہوں کے کڑے پہرے ہیں
آج بھی اپنی محبت پہ بڑے پہرے ہیں
میری محبوب ! جو آنکھوں کو تری دید نہیں
عید کے دن بھی تمناؤں کی تو عید نہیں
صبح کی طرح مری شام بھی ویراں ہو گی
دل بجھا ہو گا تو مشکل میں مری جاں ہو گی
تیرے بن عید کا یہ دن بھی مجھے راس نہیں
کس طرح چین ملے آج بھی تو پاس نہیں
یوں تو رنگوں کی ، گلابوں کی ہے ہر سمت بہار
پر ذرا سا بھی نہیں آج مرے دل کو قرار
اپنے کمرے میں اکیلا ہوں ،تری یادیں ہیں
پھر خیالوں میں تری پیار بھری باتیں ہیں
سوچتا ہوں کہ یہ تہوار مناؤں کیسے
ہو کے تیار کہیں گھر سے میں جاؤں کیسے
کوئی پیغام ہی مل جائے ترا پیار بھرا
فون پر آج کے دن بات ہی تو کر لے ذرا
تیری آواز سے کچھ دل کو سکوں آئے گا
عید کا دن تو کسی طور گزر جائے گا