Add Poetry

کام کوئی بھی مِری جان نہ آدھا کرنا

Poet: Azra Naz By: Azra Naz, Reading UK

کام کوئی بھی مِری جان نہ آدھا کرنا
پوُرا کرنا جو کبھی کوئی اِرادہ کرنا

مجھ کو احساس نہ ہو عمر کے ڈھل جانے کا
پیار پہلے سے مجھے اور بھی ذیادہ کرنا

جِس طرح ساتھ مِرا چھوڑ کے چل دیتے ہو
ایسی غلطی کا کبھی پھر نہ اعادہ کرنا

پہنچ پاۓ نہ کِسی آ نکھ کی حِدت مجھ تک
اپنی چاہت کا عطا ایسا لِبادہ کرنا

مجھ کو مفہوم کے جنگل میں بھٹکنا نہ پڑے
اپنے اِلفاظ کو ہر طرح سے سادہ کرنا

میرا ہر ایک قدم تیری ہی جانب اُٹھے
اپنی ہر راہ کو میرے لئے جادہ کرنا

ایک ہرجائی کے سنگ عمر بسر کرنے کو
کام مشکل ہے بہت دل کو آمادہ کرنا

جان جا سکتی ہے وعدے کو نبھانے کے لئے
سوچ لینا جو کسی سے کبھی وعدہ کرنا

وقت اِک پل میں بدل سکتا ہے پانسہ عذرا
اس کو آتا ہے سواروں کو پیادہ کرنا

Rate it:
Views: 695
04 Mar, 2013
Related Tags on Love / Romantic Poetry
Load More Tags
More Love / Romantic Poetry
Popular Poetries
View More Poetries
Famous Poets
View More Poets