اسٹاک مارکیٹ میں ریکوری، انڈیکس میں ایک ہزار 111پوائنٹس کااضافہ

image

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعرات کو زبردست تیزی دیکھنے میں آئی اور سرمایہ کاروں کی جانب سے رقم نکلوانے کے باعث 3 روز سے جاری مندی کے نتیجے میں سستے ہونے والے شیئرز کی بھرپور خریداری کی گئی، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس ایک ہزار 111 پوائنٹس کے اضافے سے 44 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کرگیا۔

پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعرات کو سرمایہ کاروں کی جانب سے شیئرز کی بھرپور خریداری کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس میں ایک ہزار 111.90 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد انڈیکس 44 ہزار 333.68 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا جبکہ مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت بھی ایک کھرب 64 ارب 92 کروڑ 36 لاکھ روپے بڑھ گئی۔

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں اس دوران ایک ہی دن میں 2.57 فیصد کا اضافہ ہوا، جس سے مارکیٹ کا سرمایہ کاری حجم 77 کھرب 47 ارب 64 کروڑ روپے سے تجاوز کرگیا۔

پی ایس ایکس میں سب سے زیادہ اضافہ یونی لیور فوڈز کے شیئر میں ہوا، جس کی قیمت 600 روپے کے اضافے سے 21 ہزار روپے ہوگئی اور نیسلے پاکستان کے شیئرز کی قیمت بھی 135 روپے کے اضافے سے 5 ہزار 850 روپے ہوگئی جبکہ ہائی نون اور پاک انجینئرنگ کے شیئرز کی قیمت میں سب سے زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی۔

اس سے قبل کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر کو اسٹاک مارکیٹ میں مندی کا آغاز ہوا تھا اور کے ایس ای 100 انڈیکس 647 پوائنٹس گرگیا تھا۔ منگل کو بھی ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس میں 680 پوائنٹس کی کمی ہوئی لیکن بعد میں ریکوری آئی اور انڈیکس 53.73 پوائنٹس اضافے پر بند ہوا جب کہ بدھ کو انڈیکس 661.30 پوائنٹس گرا تھا۔

مجموعی طور پر 3 روز میں کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1308 پوائنٹس کی کمی ہوئی تھی، جس میں ایک 111 پوائنٹس جمعرات کو ریکور ہوگئے۔

اسٹاک ماہرین کے مطابق آئی ایم ایف نے اپنی رپورٹ میں پاکستان کی جی ڈی پی گروتھ (ملکی مجموعی پیداوار کی ترقی کی شرح) 4 فیصد تک پہنچنے کی پیشگوئی کی ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ کی جانب سے آئی ایم ایف سے جلد چھٹی قسط ملنے کا بیان بھی سامنے آیا ہے جس پر سرمایہ کاروں نے مثبت رسپانس دیتے ہوئے حصص خریداری کی جس سے جمعرات کو تیزی ریکارڈ کی گئی۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بیشتر بین الاقوامی اسٹاک مارکیٹوں میں بھی گزشتہ دنوں مندی کا رجحان تھا لیکن گزشتہ روز وہاں بھی ریکوری آئی، پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بھی عالمی مارکیٹوں کا اثر دیکھنے میں آیا اور چند روز قبل بیرونی سرمایہ کاری کا انخلاء ہورہا تھا لیکن جمعرات کو نئی غیرملکی سرمایہ کاری بھی دیکھی گئی۔


News Source   News Source Text

WATCH LIVE NEWS

مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.