ڈی جی رینجرز سندھ کا کتیانہ میمن اسپتال کا دورہ

image

ڈی جی رینجرز (سندھ) میجر جنرل افتخار حسن چوہدری نے کتیانہ میمن اسپتال کا دورہ کیا ہے۔

اس موقع پر کتیانہ میمن اسپتال کے چیئرمین احمد چنائے، وائس چیئرمین سلیم رومی، معروف سماجی رہنما عقیل کریم ڈیڈی اور کتیانہ سپریم کونسل کے عہدیداران نے ڈی جی رینجرز (سندھ) کا استقبال کیا۔

ڈی جی رینجرز نے اسپتال کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا اور اسپتال میں مریضوں کو دی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ڈی جی رینجرز افتخار چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم سب نے مل کر انسانیت اور معاشرے کی فلاح کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

انہوں نے صحت، تعلیم اور دیگر شعبہ ہائے زندگی میں میمن برادری کی خدمات کو سراہا۔

اس موقع پر چیئرمین احمد چنائے نے کراچی میں امن وامان کی بحالی کے سلسلے میں پاکستان رینجرز (سندھ) کی خدمات کو خوب سراہا۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل ہی ڈی جی رینجرز (سندھ) میجر جنرل افتخار حسن چوہدری نے پاکستان رینجرز (سندھ) کی جانب سے وفاقی اُردو یونیورسٹی کراچی میں یونیورسٹی انتظامیہ، میڈکیم گروپ اینڈ کمپنیز، سیلانی ویلفیئرٹرسٹ اور ارحم میڈیکل سینٹر اینڈ عیسیٰ لیبارٹری اینڈ ڈائیا گنا سٹک کے تعاون سے لگائے گئے 2روزہ فری میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا۔

ڈی جی رینجرز افتخار حسن چوہدری کو لگائے گئے کیمپ میں مختلف شعبہ جات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

میجر جنرل افتخار حسن چوہدری نے بہترین کارگردگی اور فلاحی کاموں میں حصہ لینے پر ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں۔

ترجمان رینجرز سندھ کے مطابق کیمپ میں علاقے کے غریب اور مستحق افراد کو مفت طبی سہولیات مہیا کی گئیں۔

اس موقع پر9 ڈاکٹرز نے 9700سے زائد مریضوں جن میں خواتین، بچے اور بزرگ بھی شامل تھے کا طبی معائنہ کیا اورمفت ادویات فراہم کیں۔

ترجمان رینجرز سندھ نے بتایا کہ میڈیکل کیمپ میں مریضوں کے شوگر، ای سی جی ٹیسٹ اور بی ایم آئی بھی کیے گئے۔

اس کے علاوہ کیمپ میں سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے مستحق اور نادار لوگوں کے لئے گرم کپڑے اور راشن بھی تقسیم کیا گیا جبکہ بچوں کے لیے احاطہ جھولے بھی نصب کیے گئے۔

Square Adsence 300X250


News Source   News Source Text

WATCH LIVE NEWS

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.