دنیا کے امیر ترین شخص نے ٹوئٹر کتنے میں خریدا

image

دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے مختصر خبروں کا نیٹ ورک ٹویٹر کو خرید لیا ہے۔

ٹویٹر کے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور ایلون مسک کے درمیان سماجی رابطے کے پلیٹ فارم سے متعلق معاہدہ گزشتہ پیر کے روز ہوا۔

اس حوالے سے نیویارک ٹائمز کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ ایلون مسک نے ٹویٹر خریدنے کے لیے 44 ارب ڈالر کی آفر کی تھی، ٹویٹر کے شیئر ہولڈرز کو فی شیئر 54.20 ڈالرز ملیں گے، خبر آتے ہی ٹویٹر کی شیئر کی قیمت میں 4 فیصد تک اضافہ ہوگیا تھا۔

بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ساتھ ملاقات کے بعد اب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر 44 ارب ڈالرکے ساتھ ایلون مسک کی ملکیت بن چکا ہے۔

رپورٹس کے مطابق معاہدے کے بعد ایلون مسک ٹوئٹر کے واحد شیئر ہولڈر بن گئے ہیں۔ یہ دنیا بھر میں اب تک کی کسی بھی پرائیویٹ کمپنی کو خریدنے کا سب سے بڑا سودا ہے۔

ٹوئٹر خریدنے کے بعد ایلون مسک کا بیان بھی سامنے آگیا جس میں ان کا کہنا ہے کہ آزاد تقریر ایک فعال جمہوریت کی بنیاد ہے اور ٹوئٹر ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے جہاں مستقبل کے اہم معاملات پر بحث کی جاتی ہے۔

ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے ایلون مسک نے کہا کہ میں بھی نئے فیچرز شامل کرکے ٹوئٹر کو پہلے سے بہتر بنانا چاہتا ہوں، جب کہ صارفین کے اعتماد کو بڑھانے کے لیے اوپن سورس الگورتھم کو بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹوئٹر ایک ڈیجیٹل اسکوائر ہے جہاں انسانیت کے مستقبل سے متعلق اہم معاملات پربحث ہوتی ہے۔

واضح رہے کہ ایلون مسک نے ٹوئٹر کو خریدنے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ کے فی شیئر کی قیمت 54.20 ڈالر ادا کرنے کی پیشکش کی تھی۔ رپورٹس کے مطابق اس پیشکش پر بات چیت گزشتہ ہفتے تک غیر یقینی دکھائی دی لیکن پھر ہفتے کے آخر میں مسک نے ٹوئٹر کے شیئر ہولڈرز کو اپنی پیشکش کی مالیاتی تفصیلات کے ساتھ آمادہ کیا جس کے بعد معاہدے میں تیزی آئی۔

بعد ازاں دباؤ کا شکار ٹوئٹر نے کمپنی کو مجوزہ 54.20 ڈالرز فی حصص کی قیمت پرفروخت کرنے کے لیے ایلون مسک کے ساتھ بات چیت شروع کی اور پیر کے روز یہ ڈیل فائنل ہوگئی۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر خریدنے کے بعد ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ نئی کمپنی کا سربراہ کون ہو گا۔ فی الحال ٹوئٹر کے سربراہ بھارتی نژاد پراگ اگروال ہیں۔ انہوں نے یہ عہدہ گزشتہ سال نومبرمیں ٹوئٹر کے شریک بانی اورسابق سربراہ جیک ڈورسی کی جگہ سنبھالا تھا۔

ایلون مسک نے ٹوئٹر خریدنے کے لئے ٹوئٹر بورڈ کو دی گئی بولی کی دستاویزات میں واضح کیا تھا کہ وہ موجودہ انتظامیہ پراعتماد نہیں رکھتے۔

ایلون مسک دنیا کے امیر ترین شخص ہیں جن کی دولت کی مجموعی مالیت 237.6 ارب ڈالر ہے۔ وہ الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی ٹیکنالوجی کمپنی ٹیسلا اورایرو سپیس کمپنی سپیس ایکس کے مالک ہیں۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
سائنس اور ٹیکنالوجی
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.