تری آنکھوں سے کہی بات تلک پہنچوں میں
زیست صحرا ہے تو برسات تلک پہنچوں میں
چاند تاروں میں تیرا عکس تو دیکھوں لیکن
دل یہ کہتا ہے تری ذات تلک پہنچوں میں
وہ جہاں ہجر کو مقتل میں سلا دیتے ہیں
کاش ان وصل کے لمحات تلک پہنچوں میں
میں تو کہتا ہوں محبت کی سمجھ ہی آئے
یہ ضروری نہیں ہر بات تلک پہنچوں میں
صبح کاذب سے تو بہتر ہے یہی میرے لئے
سچ میں لپٹی ہوئی اک رات تلک پہنچوں میں
مضطرب اپنی نگاہوں کا تصادم ہو کبھی
اور کبھی شدت جذبات تلک پہنچوں میں
شاہی اعجاز ملا ہے مجھے جس کے باعث
پھر سے اس گردش حالات تلک پہنچوں میں