ملائیشیامیں ضبط پاکستانی طیارے کے 118مسافر وطن واپس پہنچ گئے

ملائیشیا میں ضبط شدہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے طیارے کے 118 مسافروں کو متبادل پرواز کے ذریعے پاکستان پہنچا دیا گیا۔ ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ 54 مسافر رات ایک بجکر 40 منٹ پر وطن واپس پہنچیں گے۔

گزشتہ روز ملائیشیا کی مقامی عدالت کے حکم پر پاکستانی ایئر لائن پی آئی اے کے طیارے کو کوالالمپور ایئرپورٹ پر ضبط کرلیا گیا تھا۔ لیز کی رقم کی عدم ادائیگی پر قومی ایئر لائن کیخلاف کارروائی کی گئی۔

ترجمان پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کے مطابق کوالالمپور سے 118 مسافروں کو دبئی پہنچایا گیا تھا جہاں سے پرواز ای کے 614 سے یہ تمام مسافر اسلام آباد پہنچ گئے، فلائٹ شام 7 بج کر 36 منٹ پر دبئی سے روانہ ہوئی تھی۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ باقی 54 مسافر ملائیشیا سے دوحہ پہنچ چکے ہیں جو رات ایک بج کر 40 منٹ پر پرواز کیو آر 632 کے ذریعے وطن واپس آئیں گے۔

ملائیشیا کے شہر کوالالمپور میں مقامی عدالت کے احکامات پر طیارہ روکے جانے کے بعد مسافروں کو دبئی اور دوحہ منتقل کیا گیا تھا۔

ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کے مطابق دبئی اور دوحہ میں قومی ایئرلائن کے عملے نے مسافروں کی دیکھ بھال کی اور ان کی تمام ضروریات و آرام کا خیال رکھا۔


 

WATCH LIVE NEWS

Samaa News TV PTV News Live Express News Live 92 NEWS HD LIVE Pakistan TV Channels

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

121