علماء کرام محرم الحرام میں امن ,بھائی چارے،اتحاد واتفاق کی فضا کو تقویت دیں،چیئرمین متحدہ علماء بورڈ

 

انہوں نے کہا کہ فرقہ وارانہ منافرت، اپنے نظریات کو دوسروں پر مسلط کرنے کی روش شریعت اسلامیہ کے احکام کے منافی اورفساد فی الارض اور قومی و ملی جرم ہے تمام مسالک کے علماء انتہا پسندانہ سوچ اورشدت پسندی کو مکمل مسترد کرتے ہیں۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا محرم الحرام میں سوشل میڈیا پرنفرتیں پھیلانے والے مواد کو روکنے کیلئے قانون حرکت میں آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں امن وبھائی چارے،اتحاد واتفاق کی فضا کو تقویت دیں اور محراب ومنبر سے برداشت کے جذبات کو پروان چڑھا ئیں۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ علماء بورڈ صوبہ بھرکی ڈویژنز کے دورے کرکے محرم الحرام کے حوالے سے علما ء کرام سے ملاقات کررہا ہے۔انہوں نے علماء کرام کی طرف سے پیش کی جانے والی تجاویز کا بھی خیر مقدم کیا اور کہا کہ محرم الحرام کے دوران فرقہ وارانہ منافرت پیداکرنے کی کوششیں کرنے والے عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گااورامن کی راہ میں کسی رکاوٹ کو برداشت نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ڈویژنل ، ضلعی وپولیس انتظامیہ امن وامان برقراررکھنے میں موثر کردارکی حامل امن کمیٹی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے جن کے تعاون سے کسی بھی مذہبی مسئلہ کو فوری حل کیا جارہا ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل بلال فیروز جوئیہ نے کہا کہ الحمداللہ ضلع میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی خوشگوارفضاء قائم ہے جس کے لئے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کی مخلصانہ کاوشیں لائق تحسین ہیں۔انہوں نے کہا کہ علماء کرام معاشرے کا وہ ممتاز اور اہم ترین طبقہ ہیں جن کی رہنمائی سے لوگوں کی اصلاح ہوتی ہے لہذا وہ بھائی چارے،صبروتحمل اور برداشت کی ترغیب کا عمل جاری رکھیں۔

امن کمیٹیز کے ارکان مولانا عبداللہ سعید ہا شمی، قاری وقار احمد عثمانی ، قاری احمد علی ندیم، قاضی نگاہ مصطفی چشتی، عرفان اللہ ثنائی، قاری محمد عقیل الرحمان زبیری، سید مسعود زیدی اور بشیر حسین نے اپنے بھرپور تعاون کایقین دلاتے ہوئے کہاکہ امن کمیٹیز کے علماء کرام ہمہ وقت متحرک ہیں۔آخر میں ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی،امن وسلامتی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔

بعد ازاں حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈویژن بھر کے علماء کرام اورانتظامیہ سے ملاقات کی ہے جنہوں نے اعلان کیا ہے کہ شر پھیلانے والوں کا ساتھ نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ طاقت کے زور پر اپنے نظریات دوسروں پر مسلط کرناغیر اسلامی عمل ہے،آئین، قانون اور مذہب نے جو آزادی دے رکھی ہے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام انشاء اللہ امن و امان سے گزرے گا اور ملک میں سازشیں کرنے والے ناکام ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ دشمنان پاکستان کی انتشار پھیلانے کی تمام کوششوں کو ناکام بنایا جائے گا فتنہ پھیلانے کے لئے سوشل میڈیا کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں یکساں تعلیمی نصاب نافذکر دیا گیا ہے، اگلے مرحلہ میں پورے ملک میں نصاب نافذکیا جائیگا۔


 

WATCH LIVE NEWS

Samaa News TV PTV News Live Express News Live 92 NEWS HD LIVE Pakistan TV Channels

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

69