کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما کنور نوید جمیل نے کہا ہے کہ میں بد نصیب کراچی کا نمائندہ ہوں اور کراچی دنیا کا پانچواں بدترین سہولتوں کا شہر قرار پایا ہے۔
ہم نیوز کے مطابق سندھ اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کنور نوید جمیل نے کہا کہ بجٹ عوام کے لیے بنتا ہے لیکن یہاں یکطرفہ بجٹ بنایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کراچی میں کوئی نیا کالج ، اسکول یا کوئی اسپتال نہیں بنا، لیاقت آباد سب سے زیادہ ٹیکس دیتا ہے، لیاقت آباد کے اسپتالوں کو بھی اپ گریڈ کردیتے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما نے کہا کہ 2009 میں آصف زرداری نائن زیرو آئے تھے، آصف زرداری نے کہا تھا کہ چاہتا ہوں شہری اور دیہی تفریق ختم کردیں لیکن آصف زرداری کی سوچ ان کی جماعت کے نیچے لوگوں میں منتقل نہیں ہوتی ہے۔
ہم نیوز کے مطابق حیدرآباد کے سابق ناظم کنورنوید جمیل نے سندھ اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محبتوں سے محبتیں بڑھتی ہیں، مسائل حل ہونا لوگوں کا حق ہے۔