ٹی وی اور سوشل میڈیا پر سگریٹ کے اشتہارات چلنے کا سخت نوٹس

اسلام آباد: (02 جون 2020) قومی اسمبلی کی زراعت کی خصوصی کمیٹی نے ٹی وی اور سوشل میڈیا پر سگریٹ کے اشتہارات چلنے کا سخت نوٹس لے لیا۔ کمیٹی نے تمباکو کی فصل پر ٹیکس کی مخالفت اور سگریٹ پر ٹیکس دگنا کرنے کی سفارش کردی۔

قومی اسمبلی کی زراعت کی خصوصی کمیٹی کی سب کمیٹی کا اجلاس کنوینر شاندانہ گلزار خان کی زیرصدارت ہوا۔ اجلاس میں آئندہ مالی سال میں تمباکو پر ٹیکس تجاویز پر غور کیا گیا۔ کنوینئر کمیٹی نے استفسار کیا کہ ٹی وی اور سوشل میڈیا پر سگریٹ کے اشتہارات کس طرح چل رہے ہیں؟ سرکاری محکموں نے ممنوعہ اشتہارات روکنے کیلئے کیوں اقدامات نہیں کیے؟ اشتہارات حکومت کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں۔

ایف بی آر حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ غیر ملکی سگریٹ کمپنیوں نے تمباکو کے پتوں پر ٹیکس 10 روپے سے بڑھ کر 500 روپے فی کلو کرنے کی تجویز دی ہے۔ اگر بجٹ میں ایسا کیا جائے تو ملک میں غیرقانونی سگریٹ فروخت کو کم کیا جاسکتا ہے۔

رکن کمیٹی احسن اللہ ٹوانہ نے کہا کہ دوسال قبل تمباکو کی فصل پر 300 روپے فی کلو ٹیکس عائد کیا گیا تھا جس پر کسانوں پر شدید احتجاج کیا کیونکہ ٹیکس سگریٹ کمپنیوں کی بجائے کسانوں سے وصول کیا جارہا تھا۔

کنوینئر کمیٹی نے کہا کہ کمیٹی اس طرح کی تجویز کی حمایت نہیں کرسکتی۔ سگریٹ پر ٹیکس دگنا کیا جائے گا۔

پاکستان تمباکو بورڈ حکام نے کہا کہ ملک میں تمباکو کے پتوں کی پروسیسنگ کرنے والے 10 پلانٹ ہیں۔ وہاں ایف بی آر کا عملہ تعینات کیا جائے تو غیرقانونی سگریٹ کی تیاری اور فروخت کو کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔

ایف بی آر حکام نے کہا کہ سگریٹ میں ٹیکس چوری روکنے کیلئے ٹریک اینڈ ٹریس کا نظام گزشتہ 10 برس سے التواء کا شکار ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک میں سگریٹ کی ڈبی کی کم از کم قیمت 62 روپے مقرر ہے تاہم مقامی طور پر تیار کردہ سگریٹ 30 روپے میں بھی مل جاتا ہے۔ رواں مالی سال سگریٹ سے 116 ارب 80 کروڑ روپے ٹیکس آمدن کا اندازہ ہے۔

کمیٹی نے تمباکو پر ٹیکس میں اضافہ کرنے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے ایف بی آر سے 15 سوالوں کے جواب 5 جون تک مانگ لیے۔


 

WATCH LIVE NEWS

Samaa News TV PTV News Live Express News Live 92 NEWS HD LIVE Pakistan TV Channels

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

38