مشرقی بیروت دھماکوں سے لرز اٹھا

ویب ڈسک — لبنان کے دارالحکومت بیروت میں زور دار دھماکے ہوئے ہیں۔ ان دھماکوں سے مشرقی بیروت میں بندرگاہ کا بیشتر حصہ تباہ ہو گیا ہے۔ کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ کئی عمارتوں کی کھڑکیاں اور دروازے ٹوٹ گئے ہیں۔

سرکاری حکام کے مطابق سینکڑوں افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ زبردست جانی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے

دھماکے کے کئی گھنٹے بعد بھی ایمبولینسز زخمیوں اور لاشوں کو ہسپتال لے جاتے ہوئے دیکھی گئی ہی ۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق بیروت کے ہسپتال زخمیوں سے بھرے ہوئے ہیں۔

دھماکے کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں، جن میں تباہ ہونے والی عمارتوں کے مقام سے کئی کلو میٹر دور دھواں اٹھتا دیکھا جا سکتا ہے۔

لبنان کی داخلی سلامتی کے سربراہ عباس ابراہیم نے خیال ظاہر کیا ہے کہ دھماکہ ممکنہ طور پر اس بارودی مواد میں ہوا ہے جو کچھ عرصہ قبل ایک بحری جہاز سے قبضے میں لے کر مقامی ویئر ہاؤس میں ذخیرہ کیا گیا تھا۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق دھماکہ خیز مواد سوڈیم نائٹریٹ تھا۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اسرائیل کے ایک سرکاری عہدیدار نے نام نہ بتانے کی شرط پر کہا ہے کہ اسرائیل کا اس دھماکے سے کوئی تعلق نہیں۔

نیو یارک ٹائمز نے لبنان کے سرکاری خبر رساں ادارے کے حوالے سے خبر دی ہے کہ مکانوں میں دراڑیں پڑ گئی ہیں۔ کھڑکیاں ٹوٹ گئی ہیں۔ مقامی افراد کے مطابق دھماکے سے کچھ دیر قبل فائر کریکرز کے گودام میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔

لبنان جو خانہ جنگی کا سامنا کر چکا ہے، وہاں بھی اتنا بڑا دھماکہ ہونا انتہائی غیر معمولی بات ہے۔

دھماکہ ایسے وقت پر ہواہے، جب اقوام متحدہ کی ایک عدالت میں لبنانی حزب اللہ کے چار ارکان پر سابق وزیر اعظم رفیق الحریری کے قتل کے مقدمے کی سماعت جاری ہے۔

حزب اللہ کے ارکان پر الزام ہے کہ انہوں نے لبنان کے سابق وزیر اعظم رفیق الحریری کو پندرہ سال قبل ایک ٹرک بم دھماکہ میں ہلاک کروا دیا تھا، جس سے خطے میں امن و امان کی صورتحال کو زبردست دھچکہ لگا تھا۔

عدالت جمعے کے اس مقدمے کا فیصلہ سنائے گی، جس سے ملک کو ایک بار پھر دھچکہ لگ سکتا ہے۔

دھماکہ ایک ایسے وقت پر ہوا ہے، جب لبنان اپنے کئی دہائیوں کے بدترین اقتصادی بحران سے دوچار ہے اور حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان لبنان کی جنوبی سرحد پر کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔


 

WATCH LIVE NEWS

Samaa News TV PTV News Live Express News Live 92 NEWS HD LIVE Pakistan TV Channels

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

114